دہشت گردی : مایوس ہونے کی ضرورت نہیں‘ بعض سیاسی جماعتیں اور افراد پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں : نثار
اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) چودھری نثار نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی،کچھ سیاسی جماعتیں اور سیاستدان قومی مفاد پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں اور پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں، ہر واقعہ کے بعد مایوسی پھیلانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ہاتھوں میںکھیل رہے ہیں، سکیورٹی صورتحال اندرونی، علاقائی اور جغرافیائی حالات سے متاثر ہے جبکہ سکیورٹی کو خراب کرنے میں جانے پہچانے دشمن بھی شامل ہیں، دہشت گردی کے باجود سابقہ حکومتوں نے داخلی و سلامتی پالیسی نہیں بنائی لیکن موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار داخلی و سلامتی پالیسی تشکیل دی، نیشنل ایکشن پلان کے تحت مسلح افواج، سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کامیابیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، دہشت گردی اور بربریت کے واقعات کے ذریعے سکیورٹی کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، قومی داخلی و سلامتی پالیسی مشترکہ اور کثیر الجہتی ذمہ داری ہے جس کےلئے مسلسل کوششوں اور نگرانی کی ضرورت ہے۔ وہ پیر کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ”کمانڈ اینڈ لیڈر شپ“ کورس کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے جس میں حال ہی میں ترقی پانے والے30 میجر جنرل شامل ہیں۔ نثار نے کہاکہ ہمیں ہر حال میں اپنے آپ سے باہر نکل کر سوچنا ہے اور داخلی سلامتی کو قومی کاز اور اپنے فرض کے طور پر لینا ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے اس معاملے پر آنکھیں بند کئے رکھیں۔ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاورکے بعد پہلی بار دہشت گردی کی بُرائی کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے شامل ہے، جس کے بعد ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ یہ کسی بھی صورت درست نہیںکہ ہم نیشنل ایکشن پلان کے تحت مسلح افواج، سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کامیابیوں کو نظرانداز کریں۔ ہر واقعہ کے بعد مایوسی پھیلانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔
نثار