سوائن فلو سے لاہور، ملتان میں مزید 2 افراد دم توڑ گئے
لاہور+ ملتان (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سوائن فلو کی تیزی سے بڑھتی وبا کے باعث گزشتہ لاہور اور ملتان میں مزید 2 افراد دم توڑ گئے اس طرح پنجاب میں اب تک اس مرض کا شکار ہونیوالے افراد کی تعداد 21 جبکہ مریضوں کی تعداد 80 تک جا پہنچی۔ گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت کے مختلف ہسپتالوں میں سوائن فلو کے مزید 16 مریض داخل کئے گئے۔ دوسری طرف ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر امجد شہزاد نے بتایاکہ سیزنل انفلوئنزا کی وبا سے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں یہ سردی کی شدت ختم ہونے کے بعد خود ہی ختم ہو جائیگی۔ محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں وباءکے تدارک اور علاج کے لئے مکمل انتظامات کر رکھے ہیں۔ دریں اثناءنشتر ہسپتال ملتان میں قاسم بیلا کے رہائشی 20سالہ سہیل نے گزشتہ روز دم توڑ دیا اسے چند روز قبل ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ملتان میں سوائن فلو سے اب تک 5 افراد جاں بحق ہو چکے اور مریضوں کی تعداد 50تک جا پہنچی ہے۔ لاہور میں 6افراد نے اس مرض کے ہاتھوں جانیں گنوائیں۔
سوائن فلو