پی ٹی آئی، ق لیگ نے شو آف ہینڈ سے چیئرمین، وائس چیئرمین کا انتخاب ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا‘ بالواسطہ بلدیاتی نمائندوں کا الیکشن 8 سے 14 فروری تک ہوگا
لاہور + اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + اے پی پی) تحریک انصاف اور ق لیگ نے ضلعی کونسلوں کی تشکیل خفیہ رائے شماری کی بجائے شوآف ہینڈ کے ذریعے کرانے کے اقدام کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ضلعی کونسلوں کی تشکیل کیلئے قوانین کے تحت خفیہ رائے شماری کرانا لازم ہے مگر لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں شو آف ہینڈ کی ترمیم کرکے حکومت من پسند امیدواروں کو جتوانا چاہتی ہے۔ آئین کے تحت کسی آزاد امیدوار کو کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ الیکشن کمشن کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں بالواسطہ بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب 8 سے 14 فروری تک ہوگا۔ 8 فروری کو ضلعی کونسلوں، میونسپل کارپوریشنز اور میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کے بالواسطہ امیدواروں کے انتخاب کیلئے پولنگ ہوگی۔ میونسپل کمیٹیوں کے بالواسطہ امیدواروں کا انتخاب 11 فروری کو ہوگا یونین کونسلوں کے امیدواروں کے انتخاب کے لئے پولنگ 14 فروری کو ہوگی۔
بلدیاتی انتخاب