بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں صدر راج نافذ، کانگرس کا عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان
نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کی سرحدی ریاست اروناچل پردیش میں پیر کو صدر راج نافذ کر دیا گیا ۔ ریاست میں صدر راج کے نفاذ کا فیصلہ وزیر اعظم نریندرمودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے فیصلہ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اس کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں سیاسی عدم برداشت کا سرچشمہ قرار دے دیا۔ اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ نابام توئی نے مرکزی حکومت کے فیصلہ کو ناقابل قبول قرار دیا ہے جب کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروندکیچریوال نے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ پر شدید صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال 16دسمبر کو ارونا چل پردیش کی ریاستی اسمبلی کانگریس کے 16باغی ارکان اور بی جے پی کے 11ارکان اسمبلی نے اسمبلی کی عمارت کے علاوہ ایک اور مقام پر اپنا اجلاس منعقد کر کے ریاستی اسمبلی کے سپیکر نابام ریبیا کے خلاف مواخذے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد ریاستی حکومت سیاسی بحران کا شکار ہوگئی تھی۔
بھارتی ریاست/صدر راج