• news

پہلا ون ڈے انٹرنیشنل : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو70 رنز سے شکست دے دی، سیریز میں1-0 کی برتری

ولنگٹن+ لاہور ( نیوز ایجنسیاں+ نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ون ڈے بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 70 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ کیویز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بناکر پاکستان ٹیم کو 281 رنز کا ہدف دیا۔ ہنری نکولز 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور انور علی نے تین ، تین جبکہ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ٹیم 46 اوورز میں 210 رنز بناسکی۔ بابر اعظم 62 رنز بناسکے۔ ٹرینٹ بولٹ نے چار، گرانٹ ایلیٹ نے تین جبکہ اینڈرسن، سانٹنر اور ولیمسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، کیویز ٹیم کی طرف سے مارٹن گپٹل اور ٹوم لاتھم نے اننگز کا آغاز کیا۔ کیویز ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہ تھا مارٹن گپٹل 11 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ٹوم لاتھم دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کین ولیمسن تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 10 رنز بناکر انور علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،گرانٹ ایلیٹ کیویز ٹیم کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے انور علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، کورے اینڈرسن 10 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، لیوک رونچی 5 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، مچل سانٹنر کیویز ٹیم کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 48 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس موقع پر ہنری نکولز کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 82 رنز بناکر انور علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ مچل میکلین گھن 31 رنز پر ریٹارئر ہارٹ ہوگئے۔ میٹ ہنری 48 اور ٹرینٹ بولٹ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے اور یوں کیویز ٹیم مقررہ 50 اوورز 280 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 281 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور انور علی نے تین ، تین جبکہ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے 281 رنز ہدف کے تعاقب میں کپتان اظہر علی اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان اظہر علی تھے جو 19 رنز بناکر گرانٹ ایلیٹ کی گیند پر ہنری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، احمد شہزاد بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 13 رنز بناکر گرانٹ ایلیٹ کی گیند پر کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، محمد حفیٖظ تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 42 رنز بناکر کین ولیمسن کی گیند پر ہنری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، صہیب مقصود 10 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، بابر اعظم 62 رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر نکوس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، عماد وسیم ایک رن بناکر سانٹنر کی گیند پر رونچی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، سرفراز احمد 30 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انورعلی پاکستان کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ٹوم لاتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، محمد عامر اور محمد عرفان بغیر کوئی رن بنائے یکے بعد دیگرے ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ وہاب ریاض 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے یوں پاکستان کی ٹیم 46 اوورز میں 210 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی اور نیوزی لینڈ نے جیت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں 70 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ کیویز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ نے چار، گرانٹ ایلیٹ نے تین جبکہ اینڈرسن، سانٹنر اور ولیمسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ہنری نکولز کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آن لائن کے مطابق پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف بیسن ریزرو ویلنگٹن پر 26 سال سے ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں 1990 سے ہر فارمیٹ میں ناقابل شکست تھی اور اسے کسی بھی میچ میں میزبان کے ہاتھوں شکست کا منہ نہیں دیکھنا پڑا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اس دوران چار ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جس میں سے تین میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی جبکہ 2011 میں کھیلا گیا آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔اسی طرح 1990 کے بعد سے اب تک دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ میچوں میں ویلنگٹن میں مدمقابل آئیں اور تینوں مرتبہ فتح نے پاکستان کے قدم چومے جبکہ دونوں کے درمیان اب تک اس گراؤنڈ پر کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن