قائمہ کمیٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستان حلال اتھارٹی بل کی منظوری دیدی
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستان حلال اتھارٹی بل 2015 مشترکہ طور پر منظور کر لیا ہے ۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا اس بل کی منظوری سے پاکستان کو حلال اشیاء کی برآمدات میں فائدہ ہو گا اور حلال گوشت برآمد کنندگان کو مدد ملے گی جس سے ملکی برآمدات میں ناقابل یقین اضافہ ہو جائے گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو حلال گوشت برآمد کرنے والوں میں سے سبقت حاصل ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین کمیٹی سینٹ عثمان سیف اللہ خان کی زیر صدارت ہوا ہے جس میں سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم ، سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ اور وزارت سائنس ٹیکنالوجی کی اعلی حکام کے علاوہ وزارت قانون و انصاف کے حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان حلال اتھارٹی بل 2015 کی منظوری سے پاکستان میں حلال اشیاء کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی اور اس حوالے سے حرام اشیاء کی خرید و فروخت کو روکنے میں مدد ملے گی ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سخت قوانین بنائے گئے ہیں اور حرام اشیاء کا کاروبار کرنے والے 5 سے 10 سال تک کی سزا ہو سکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ اس بل کے تحت حرام اشیاء کا کاروبار کرنے والے کا کیس سینئر سول جج سنے گا۔