کراچی: فائرنگ سے نوجوان قتل، بلوچستان کے وزیر چنگیز مری کے گھر پر بم حملہ
کراچی (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) کراچی میں نامعلوم افراد نے بلوچستان کے وزیر آبپاشی چنگیز مری کے گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیا جبکہ تشدد کے واقعات میں ایک نوجوان قتل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ڈیفنس فیز ٹو کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے بلوچستان کے وزیر آبپاشی سردار چنگیز مری کے گھر پر دستی بم پھینک دیا جو خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس نے کالعدم بی ایل اے کے 5 دہشت گردوں غزن مری، شاہ زین مری، نور دین، حاجی پائندہ اور عطاء اللہ مری کیخلاف 2 مقدمات درج کر لئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کئی دہشت گردوں سے ہتھیار ڈلوانے پر چنگیز مری کو کالعدم بی ایل اے کی طرف سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ گزشتہ رات بلوچستان سے واپس کراچی میں اپنے گھر پہنچتے ہی دہشت گردوں نے کارروائی کر دی۔ دریں اثناء بلدیہ ٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ نصیر خان ہلاک اور 13 سالہ شہزاد زخمی ہو گیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لانڈھی اور کورنگی میں گھر گھر تلاشی کے دوران 100 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ لیاری کے علاقے نوالین سے عزیر بلوچ گروپ کے گینگسٹر میرو بلوچ جبکہ رینجرز نے عزیر بلوچ اور بابا لاڈلا کے 4 ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق سعید بلوچ اور اسکے 3 ساتھیوں نے عزیر بلوچ کے کہنے پر گینگ وار کے 150 لڑکوں کو فشریز میں بھرتی کرایا اور رام سوامی سے 2 ٹارگٹ کلر محمد فاروق اور عدنان صدیقی کو جن کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے حراست میں لے لیا۔ سعید بلوچ، اسکے ساتھیوں محمد فاروق اور عدنان کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیدیا گیا ہے۔