• news

عمران حکومت گرانے میں ناکام ہوگئے، لوگوں کے پیسے واپس کریں: پرویز رشید

اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہنڈی سے رقوم پاکستان لانے کا جرم کیا اور اعتراف بھی کرتے رہے، الیکشن کمشن انصاف کرے، یکم فروری کو دانیال عزیز اور طلال چوہدری الیکشن کمشن جائینگے، عمران خان کی حکومت الٹانے کی ساری باتیں جھوٹی ثابت ہوئیں، قوم سے معافی مانگیں اور لوگوں کو پیسے واپس کریں، تحریک انصاف کے سربراہ اپنی صفائی میں الیکشن کمشن کو کچھ پیش نہیں کرسکے، الیکشن کمشن کے رویئے پر تشویش ہے، مقدمے میں ہائیکورٹ کا کوئی سٹے آرڈر نہیں، الیکشن کمشن دبائو میں آئے بغیر جلد مقدمہ نمٹایا جائے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ منگل کی صبح اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں ہم سب کو الیکشن کمشن کے رویئے پر تشویش ہوئی ہم نے الیکشن کمشن کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے تسلیم کیا جس کی ہمیں بھاری قیمت بھی ادا کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے کچھ ایسے رویے ہیں جن پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔ عمران خان نے بیرونی حمایت سے جو چندہ جمع کیا تھا اسے کیسے استعمال کیا گیا اس پر اعتراضات پی ٹی آئی کے بنیادی رکن نے ہی اٹھائے اور الیکشن کمشن میں مقدمہ بھی کیا ۔ پی ٹی آئی اس مقدمے میں دو سال تک ٹال مٹول کرتی رہی اور پی ٹی آئی کے وکیل مختلف حیلے بہانوں سے مقدمے کی سماعت ملتوی کراتے رہے اور پھرجب حیلے بہانے ختم ہوگئے تو وہ وکیل اس مقدمے کو اسلام آباد کی ہائیکورٹ میں لے گئے، مالی کرپشن کے مقدمے میں عمران حیلے بہانوں کے بعد ہائیکورٹ کی آڑ میں چھپ رہے ہیں۔ الیکشن کمشن میں کوئی صفائی پیش نہیں کر سکے اسلئے الیکشن کمشن پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اس مقدمے کی اگلی تاریخ یکم فروری کو اسکی سماعت کرے اور عمران خان الیکشن کمشن آ کر جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن عمران کے وکیل سے ملکر جس طرح کھیل رہا ہے اس نے ہمیں تشویش میں مبتلا کیا ۔ عمران خان کی بلیک میلنگ میں آ کر شاید الیکشن کمشن عمران کے وکیل کے موقف کی حمایت کر رہاہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2011ء میں عمران خان نے چندہ اکٹھے کرتے ہوئے جو پمفلٹ تقسیم کیا اس میں حکومت ہٹائوملک بچائو لکھا گیا، اس مہم میں ان لوگوں نے بھی پیسے دیئے جو پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، عمران خان نے لوگوں سے جس مقصد کیلئے پیسے لئے تھے آج 2016ء ہے وہ حکومت کو نہیں ہٹاسکے، لہذا وہ لوگوںکے پیسے واپس کریں۔ عمران نے پیسے اکٹھے کرنے کے عمل میں لوگوں کو دھوکہ دیا وہ پاکستانی عوام سے معافی مانگیں کہ وہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرینگے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہنڈی کے ذریعے رقوم منگوانے سے متعلق عمران کیخلاف مقدمے میں الیکشن کمشن کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن