• news

مفاہمتی عمل جلد شروع ہوگا ناراض بلوچوں کیلئے جرگہ بنایا جائیگا: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کور کمانڈر بلوچستان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کور کمانڈر سے امن و امان کے حوالے سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا بلوچستان میں بدامنی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، بلوچستان میں بدامنی کی ایک لہر آئی تھی جو گزر گئی، اب حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ ثناء اللہ زہر نے مزید کہا مفاہمتی عمل جلد شروع کرنے والے ہیں جس کیلئے نوابوں اور سرداروں سے رابطہ کر رہے ہیں اور جلد جرگہ تشکیل دینگے۔ آن لائن کے مطابق کوئٹہ ائرپورٹ پر پی ڈی ایم اے کے دفتر میں واقع ریسکیو 1122 کی سروس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا موجودہ حکومت قیام امن کو یقینی بنا نے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی۔ اس وقت کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال کا فی بہتر ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبے میں عالمی طرز کے بڑے فلاحی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں، عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلے ماہ سے شہر سے پیڈ پارکنگ ختم ہو جائیگی بلڈنگ کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا، خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیگی۔ انہوں نے کہا ہم نے بھی ریسکیو 1122 فلاحی سروس کا آغاز کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں اس سروس کیلئے5 ایمبولینسز فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا شہر میں بڑے بڑے پلازوں کی صورت میں پارکنگ بنائی جائیگی تاکہ پارکنگ کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا ناراض بلوچ رہنمائوں سے مذاکرات کیلئے جلد جرگہ تشکیل دیا جائیگا۔ بلوچستان میںماضی کی نسبت امن و امان بہت بہتر ہے جلد ہی عوامی سہولت کیلئے ماس ٹرانزٹ ٹرین کا افتتاح کر دیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن