• news

بم کی اطلاع، برطانیہ16، پیرس میں6 سکول بند: سویڈن، شاپنگ مال کے باہر دھماکہ

لندن/ پیرس/ سٹاک ہوم/ سان ڈیاگو (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ رائٹرز) لندن کے 4 سکولوں سمیت برطانیہ میں 16 سکول بم کی اطلاع پر خالی کرا لئے گئے۔ لندن کے چاروں سکولوں میں فون پر بم نصب کرنے کی اطلاع دی گئی۔ فون پر بتایا گیا سکولوں میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا ہے۔ پولیس حرکت میں آگئی، کارروائی کے بعد کچھ نہ ملا۔ برطانیہ میں ویسٹ مڈلینڈ اور کارنوال میں بھی سکولوں کو خالی کرایا گیا۔ دوسری طرف پیرس میں بھی نامعلوم فون کالز پر بم نصب کئے جانے کی اطلاع کے بعد 6 سکولوں کو خالی کرا لیا گیا۔ یہ کالیں مقامی وقت کے مطابق صبح 10:20 سے 11:20 کے درمیان موصول ہوئیں۔ پولیس نے کارروائی کرکے وسطی پیرس کے چارلی ماگنے، فینلن، مونٹیگنی، کنڈوریسٹ، ہنری فور اور لائوس لی گرینڈ سکولوں کے طلبہ کو دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرکے سرچ آپریشن کیا گیا تاہم کوئی خطرناک چیز نہیں ملی۔ اطلاعات کے مطابق 5 سکولوں کو کالز موصول ہوئی تھیں۔ واضح رہے 13 نومبر 2015ء کو پیرس میں حملہ کرکے 130 افراد کو مارا گیا تھا۔ دوسری طرف سویڈن میں شاپنگ مال کی عمارت کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سٹاک ہوم میں دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ پولیس نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک کار کی ٹوٹی کھڑی اور اگلا حصہ ملا ہے تاہم دھماکے سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔ سان ڈیاگو کیلیفورنیا کے نیول میڈیکل سینٹر میں مشتبہ شخص نے فائرنگ کی۔ پولیس نے عمارت کو محاصرے میں لے لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق مسلح شخص میڈیکل سینٹر کی عمارت نمبر 26 میں دیکھا گیا۔ میڈیکل سینٹر انتظامیہ نے فیس بک پر لوگوں کو دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مسلح شخص کی اطلاع پر علاقے کے 3 سکول بند کر دئیے گئے۔رات گئے سی این این نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ میڈیکل سنٹر میں تلاشی کے بعد کوئی مشتبہ شخص نہیں ملا۔ اسکے باوجود سکیورٹی فورسز 78 ایکڑ پر پھیلے کیمپس میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن