• news

افغان مصالحتی عمل پر اتفاق کے لئے فریقین جلد لائحہ عمل ترتیب دیں: چین

بیجنگ (صباح نیوز+ آئی این پی) بیجنگ اور کابل نے افغانستان میں امن بات چیت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابل قبول لائحہ عمل جلد ترتیب دیا جانا چاہیے۔ چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں امن عمل بحالی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا چار فریقی مذاکراتی حکمت عملی کا مقصد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن بات چیت کے لیے درکار ماحول پیدا کرنا ہے۔ ہمیں امید ہے چاروں فریق جلد از جلد مصالحت کا ایسا لائحہ عمل ترتیب دیں گے جو تمام کے لیے قابل قبول ہو۔افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا کہنا تھا مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ ہم نے طالبان کے تمام گروپوں سے بھی مطالبہ کیا ہے وہ مذاکرات کی میز پر آئیں کیونکہ افغانستان کے مسئلے کا واحد امن اور مذاکرات ہی ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا ہمیں پڑوسی ملک پاکستان کی طرف سے بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے، وہ مصالحت اور امن عمل کی حمایت کریگا۔ صلاح الدین ربانی بطور وزیرخارجہ پہلی مرتبہ چین کے دورے پر ہیں چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا یہ رواں سال دونوں ملکوں کے مابین پہلا اعلی سطحی رابطہ ہے۔ آئی این پی/ شنہوا کے مطابق چین نے افغان مصالحتی عمل پر اتفاق کے لئے ٹھوس کاوشیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا جوتمام متعلقہ فریقین کیلئے قابل قبول ہوں، افغان حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں مناسب مصالحتی عمل کیلئے حکمت عملی تیار کریں ، پاکستان مصالحتی عمل میں مثبت اور خصوصی کردار ادا کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے اپنے افغانی ہم منصب صلاح الدین ربانی کیساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا ۔چینی وزیر خارجہ نے امریکہ سمیت تمام شراکت داروں پر زور دیا افغان مصالحتی عمل کی حمایت کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوںنے مزید کہا چین امن مذاکرات کی بحالی کیلئے ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو سازگار ماحول پیدا کرسکیں اور یہ سب چین کی سکیورٹی کے مفاد میں بھی ہے ۔چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین امن مذاکرا ت کی حمایت میں ہر قسم کا تعاون اور ثالثی فراہم کرتا رہیگا جبکہ مصالحتی عمل کے حوالے سے روس، ایران اور بھارت کے ساتھ بھی رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر افغانی وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے چین کو افغانستان کا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے مصالحتی عمل میں تعمیری اور اہم کردارادا کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا ۔انہوںنے کہا کہ خطے میں مشترکہ خوشحالی اور باہمی رابطوں کو بہتر بنانے کیلئے افغانستان بیٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شراکت دار بننے کو تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن