ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے مضبوط ٹیم تشکیل دینگے : شہباز سینئر
کراچی ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل شہباز احمد سنیئر نے کہا ہے کہ سائوتھ ایشین گیمز کے لئے قومی ٹیم کی بھرپور تیاری ہے اور انشاء اللہ ٹیم سوفیصد پرفارمنس دیکر وکٹری سٹینڈ پر آنے کی کوشش کرے گی،کوشش ہو گی کہ چند سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوں جن کو سینئر ٹیم میں چانس نہیں مل سکا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سائوتھ ایشین گیمز کے لئے مضبوط ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے ،وزیر اعظم سے جلد ملاقات کے لیے پر امید ہیں ،سلیکشن کمیٹی اور پی ایچ ایف میں کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔ دو سلیکٹر جونہیں آسکے،ان میں رشید جونیئر فلائٹ مس کرنے کی وجہ سے نہ پہنچ سکے جبکہ دوسرے سلیکٹر سعید خان نجی مصروفیات کی وجہ سے پیرس گئے ہوئے ہیںباقی سلیکٹرز نے مشاورت مکمل کر لی ہے کوچز لڑکوں کے ساتھ محنت کر رہے ہیں جس کے عمدہ نتائج آئیں گے۔ وزیر اعظم سے ملاقات آئندہ ماہ شیڈول ہے تاہم بار بار یاد دہانی نہیں کر واسکتے۔ ہمیں امید ہے کہ ان سے ملاقات شیدول کے مطابق جلد ہوگی ۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے ہم نے ملک بھر سے با صلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کا پروگرام بنایا ہے اس سلسلے میں ٹرائلز کا اعلان کیا جاچکا ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ تربیتی کیمپ میں 100کے قریب کھلاڑی موجود ہوں تاکہ کھلاڑیوں کے پول کو بڑھایا جاسکے ،ڈومیسٹک ہاکی پر بھی بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔