آرمی ، نیوزی اور اسلام آباد کے نجی سکول31 جنوری تک بند ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں سرچ آپریشن
اسلام آباد+ لاہور + ملتان (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) ملک بھر کے آرمی پبلک سکول، نیوی، فیڈرل گیریژن اور اسلام آباد کے نجی سکول 31 جنوری تک بند کر دئیے گئے ہیں۔ موسم کی خرابی ہے یا کوئی دہشت گردی کا خدشہ، وجہ نہیں بتائی گئی ہے جبکہ ناقص سکیورٹی کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید 40 تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں گزشتہ روز سرچ آپریشن کیا گیا اور 6 ہاسٹلز کو سیل کرکے طلبا کو گھر بھیج دیا گیا اور یونیورسٹی 2 روز کیلئے بند کر دی گئی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی 2 روز بند رہے گی۔ یونیورسٹی پیر سے کھلے گی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرائسس مینجمنٹ سیل نے صوبوں کو سکیورٹی سخت کرنے کا حکم دیدیا۔ وزارت داخلہ نے تعلیمی اداروں کو سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آرمی پبلک، بحریہ اور وفاق کے سکول 3 دن تک بند رہیں گے۔ 30 اور 31جنوری کو ہفتہ وار تعطیل کے بعد سکولز یکم فروری کو کھول دئیے جائیں گے۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق سکولوں کے سکیورٹی گارڈز، چوکیداروں، نائب قاصدوں کو ہنگامی بنیادوں پر سکیورٹی کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ ٹریننگ میں اسلحہ چلانا، تلاشی لینا شامل ہں۔ اب تک مختلف سکولوں کے 250کے قریب عملے کو تربیت دی جا چکی ہے۔ علاوہ ازیں قصور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید 40 تعلیمی اداروں کو ناقص سکیورٹی پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی، بنوں اور اسلام آباد کے نجی سکولوںکو سکیورٹی خدشات کی بنا پر بند کیا گیا ہے تاہم شہر کے سرکاری سکولوں میں سیکنڈری کلاسوں کے طلبا کو روزانہ 3 گھنٹے کے لئے سکول میں بلایا گیا ہے جس کی وجہ امتحانات کی تیاری بتائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں بہاولپور 2، پاکپتن میں 6، سرگودھا میں 3 سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر اسلامیہ کالج سمیت مزید تین پرائیویٹ سکولوں کو سیل کر دیا جبکہ دو کو سیلنگ نوٹسز جاری کر دئیے ہیں ، ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر اسلامیہ کالج کو سیل کر دیا اسی طرح کینٹ پولیس نے بھی مختلف کالجوں اور سکولوں کا معا ئنہ کیا۔ صباح نیوز کے مطابق جامعہ کراچی کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کا اجلاس ہوا،جس میں یونیورسٹی کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جامعہ کی دیوار چاروں اطراف سے 8 فٹ بلند کی جائے گی جبکہ جامعہ کے اندر موجود جھاڑیوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔ اجلاس میںجامعہ کراچی کیلئے ریٹائرڈ فوجیوں پر مشتمل سکیورٹی گارڈ بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں، سکولوں کی چاردیواری 8فٹ اونچی کرنے، خاردار تاریں لگانے واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈکٹیٹر سے چیکنگ سمیت دیگر انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں کیساتھ ساتھ پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کیلئے جامع پلان بنایا گیا ہے، تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈز، ٹیچرز، ہیڈماسٹر ، پرنسپلز اور وائس چانسلرز کو اسلحہ چلانے سمیت مختلف ٹریننگ دی جائیں گی اس کیساتھ ساتھ صبح اور چھٹی کے وقت متعلقہ تھانوں کے پولیس اہلکار تعلیمی اداروں کے باہر موجود رہیں گے جبکہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی گارڈز کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے جس کی مکمل تصدیق کی جائے گی، پرائیویٹ سکولوں کو ابتدائی طور پر 2کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی جانب سے گذشتہ روز نامناسب سکیورٹی انتظامات پر پنجاب یونیورسٹی اور متعدد نجی تعلیمی اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور انہیں جلد از جلد بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بڑے تعلیمی ادارے بار بار ہدایت دیئے جانے کے باوجود حفاظتی اقدامات مکمل نہیں کر رہے ان کو سربمہر کر دیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لئے میکانزم ترتیب دے دیا گیا ہے اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جا رہا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈی پی او اٹک نے ناقص سکیورٹی پر 9 سکول اور 3 کالج سیل کر دئیے۔ ڈی پی او نے کہا ہے کہ سکولوں میں 5 سرکاری اور 4 نجی سکول شامل ہیں۔ ادھر سکیورٹی خدشات کے باعث پولیس نے بہاوالدین ذکریا یونیورسٹی کے بوائز ہاسٹل میں سرچ آپریشن کر کے چھ ہاسٹلز کو سیل کردیا ہے جبکہ انتظامیہ نے 2 دن کے لئے یونیورسٹی میں تدریسی عمل بند کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے سکیورٹی خدشات کے باعث بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں سرچ آپریشن کیا اس دوران 6 ہاسٹلز کو طلبا سے خالی کراکے انہیں گھر جانے کی ہدایت کردی گئی۔ پولیس نے گرلز ہاسٹل میں بھی سرچ آپریشن کیا۔ ادھر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کی انتظامیہ نے دو دن کے لئے تدریسی عمل بند کردیا ہے ۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دو دن کے لئے یونیورسٹی میں تدریسی عمل روکا گیا ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور پولیس نے ناقص سکیورٹی کے انتظامات پر ایک یونیورسٹی اودو کالجوں سمیت 13 تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا جس میں اینمل یونیورسٹی پتوکی، ڈگری کالج براے بواے پتوکی ، ڈگری کالج براے گرلز اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق دہشت گردی کے پیش نظر سرکاری اور نجی پرائیویٹ سکولز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ شیخوپورہ میں 138سرکاری و نجی سکولوں کو حساس قرار دیدیا گیا ہے جن میں 16 سکول حساس ترین قرار دئیے گئے ہیں۔ سرکاری و نجی سکولوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سکیورٹی کے حوالہ سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ بی بی سی کے مطابق فوج کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں حالیہ چھٹیوں کی وجہ تو حکام کی جانب سے سردی کی شدت بتائی جا رہی ہے تاہم سکیورٹی اقدامات میں اضافے سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ یہ بندش کسی ممکنہ حملے کی اطلاع پر تو نہیں کی گئی۔ صوبہ پنجاب میں دھند اور شدید سردی کا سلسلہ کئی روز سے جاری تھا تاہم تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم خیبر پی کے کے شہر چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے پانچ دن بعد ہی جاری کیا گیا۔ راولپنڈی کی ایک مصروف شاہراہ پر واقع فوجی فاؤنڈیشن سکول کی ایک طالبہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’پیر 25 جنوری کو جب ہم سکول گئے تو ہمیں کچھ نہیں بتایا گیا، ہاں رات کو ٹی وی پر خبر سنی کہ سکول میں چھٹیاں ہو رہی ہیں اور صبح جب تصدیق کے لیے سکول گئے تو چوکیدار نے بس یہ بتایا کہ 31 تاریخ تک چھٹیاں ہیں مگر یہ نہیں بتایا کہ وجہ کیا ہے۔‘