• news

لاہور، راولپنڈی میں چھاپے،25 من مضر صحت گوشت برآمد،3 ملزم گرفتار

لاہور +راولپنڈی (کامرس رپورٹر+آن لائن) لاہور اور راولپنڈی میں محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر 25 من مضر صحت گوشت برآمد کر کے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ دو فرار ہو گے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لاہور کے علاقے ٹائون شپ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشن پنجاب عائشہ ممتاز کی سربراہی میں چھاپہ مار کر 20 من مضر صحت گوشت برآمد کر لیا ہے ۔ پنجاب فوڈ کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز نے بتایا کہ مذبحہ خانے میں موجود رکشے میں 20 من مضر صحت گوشت موجود تھا گوشت کو ناغے کے روز لاہور کی مختلف دکانوں اور ہوٹلوں پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ محکمہ فوڈ کے مطابق چھاپے کے دوران رکشہ ڈرائیور اپنے ساتھی سمیت رکشہ اور گوشت چھوڑ کر فرار ہو گیا جبکہ مذبحہ خانے میں موجود دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ دریں اثناء راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حسو میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیم نے ڈاکٹر شاہد محمود کی قیادت میں غیر قانونی سلاٹر ہائوس پر چھاپہ مارا۔ سلاٹر ہائوس کے اندر سے دروازوں کو بند کر دیا گیا اور محکمہ کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ ہیلتھ نے پولیس کی نفری طلب کر لی اور شبیر عرف شبو نامی قصائی کو گرفتار کر لیا اور سلاٹر ہائوس کا مالک فرار ہو گیا جبکہ مضر صحت گوشت جس میں کیڑے پڑے ہوئے تھے برآمد کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن