• news

جنرل راشد محمود کی مصر کے وزیر دفاع سے ملاقات، فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی / قاہرہ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے گذشتہ روز صدقی سوبی سید سے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راشد محمود سرکاری دورے پر مصرمیں ہیں ۔ ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ مصر کے وزیر دفاع نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے پاکستانی عزم کو سراہا انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ مصر کے وزیر دفاع جنرل صدقی سوبی سید نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم قابل تحسین ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ مصر کے چیف آف آرمی سٹاف بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔ جنرل راشد محمود نے مصر کے وزیر برائے فوجی پیداوار میجر جنرل محمد سعید العصر اور چیئرمین عرب آرگنائزیشن آف انڈسٹریلائزیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد العزیز سیف الدین سے بھی ملاقات کی اپنے دورے کے دوران چیرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود مصر کی ایئر فورس کے سربراہ ایئر مارشل یونس الاسید المصری سے بھی ملاقات کرینگے ۔ قبل ازیں مصری وزارت دفاع پہنچنے پر جنرل راشد محمود کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صباح نیوز کے مطابق جنرل راشد محمود اور مصر کے وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن