40 فیصد پاکستانیوں کوپیٹ بھر کر کھانا نہیں ملتا: رپورٹ
لاہور(آن لائن) پاکستان کے معروف اقتصادی ماہرین کی طرف سے جاری رپورٹ” پاکستان ا نسانی ترقی کے شعبے میں پیچھے کیوں؟ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ہمسایہ ملکوں سے پیچھے ہے تاہم 40 فیصد پاکستانیوں کوپیٹ بھر کر کھانا نہ ملنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ماہرین ڈاکٹر اکمل حسین، منصور احمد و دیگر کے مطابق پاکستان میں امیر لوگوں کو ہی صحت اور تعلیم کی معیاری سہولتیں ملتی ہیں، امیروں کو ہی نوکریاں ملتی ہیں اور امیروں کو ہی سرمایہ کاری کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔ اقتصادی ترقی کی غیر مساوی تقسیم کی وجہ سے آزادی کے 68 برسوں بعد بھی 40 فیصد پاکستانی ایسے ہیں، جن کو روزانہ 2100 کیلوریز بھی میسر نہیں جو کہ انسانی سانسوں کو جاری رکھنے کےلئے انتہائی ضروری ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے دی جانے والی پبلک سروسز اسی ایلیٹ کو مل رہی ہیں، جو ٹیکس بھی نہیں دیتے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اقتصادی رہداری کے نام پر چین سے آنے والے 46 ارب ڈالر کے منصوبے پاکستانیوں کی زندگیوں کو نہیں بدل سکیں گے۔
رپورٹ