• news

دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام غلط ہے‘ بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کیلئے تاریخ دے : پاکستان

اسلام آباد (این این آئی + آئی این پی) پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی راجستھان میں بمباری کے حوالے سے اپنے ہائی کمیشن سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے ¾ افغانستان میں مصالحتی عمل کی بحالی کی غرض سے چار فریقی مذاکرات چھ فروری کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران قاضی خلیل اللہ نے بھارتی فضائیہ کی راجستھان میں بمباری کے حوالے سے کہا پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ¾دہشتگردی صرف بھارت نہیں پاکستان کا بھی مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور عالمی برادری اس کی معترف بھی ہے۔ بھارت پاکستان پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے کیونکہ اس طرح کے الزامات خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی باہمی کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہیں۔ پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کےلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں اور مذاکرات کا شیڈول جلد طے کرلیا جائے گا، ہم امید کرتے ہیں بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے آگاہ کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردارکو سراہا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم جلد قطر کا دورہ بھی کریں گے۔ ترجمان نے دہشت گردی کے حوالے سے بھارت ۔ فرانس مشترکہ اعلامیہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران بے پناہ قربانیوں کا امریکہ سمیت دنیا اعتراف کر چکی ہے۔ پاکستان روس تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا پاکستان نے روس کے صدر ولادی میر پوٹن کو دورہ کی دعوت دی ہے۔ آئی این پی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ضرب عضب کی کامیابیوں کی دنیا تعریفیں کرتی ہے اہداف کے حصول تک دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے تعین کےلئے کوشش کی جارہی ہے یہ دوبارہ جلد شروع ہوجائیں۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ہر قسم کے اقدامات اٹھا رہا ہے، اہداف کے حصول تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سعودی اور ایرانی حکومتوں نے تناﺅ کے خاتمے کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے، وہ سعودی وزیر خارجہ کے بیان، پاکستان ثالث نہیں ہے“ سے متعلق میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کریں گے۔ دریں اثنا مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے بھارت خارجہ سیکرٹریز ملاقات کی تصدیق اور نئی تاریخ دے، خارجہ سیکرٹری ملاقات کے لئے بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔ بھارتی ٹی وی سے انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے۔ وہ خارجہ سیکرٹریز ملاقات کی تصدیق کرے اور ملاقات کی تاریخ واضح کرے۔ اب خارجہ سیکرٹریز ملاقات کے لئے بھارت کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ مذاکرات کی تاریخ دے، بے بنیاد الزام تراشیاں بند کی جائیں۔ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے پٹھانکوٹ حملے میں پاکستانی ٹیم کو کسی فرد یا تنظیم کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے تو ان کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی۔ نئی دہلی میں ایک غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستانی ٹیم بھارت میں پٹھانکوٹ کا دورہ کر کے ثبوت اکٹھے کرے گی پاکستانی ٹیم کو کسی بھی پاکستانی فرد یا کسی تنظیم کے ملوث ہونے کے ثبوت مل گئے تو ان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ پٹھانکوٹ حملوں میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات فروری میں ہوں گے۔ پاکستان بھارت مذاکرات کو معطل کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام غلط ہے۔

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف انتھک جنگ شروع کر رکھی ہے اور جاری آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج نکلے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات مالدیپ کی وزیر خارجہ دنیا مامون سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مشترکہ مفادات ہیں۔ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں خصوصا تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان جنوبی ایشیا کے لئے خصوصی اعانت پروگرام کے تحت مالدیپ کی مدد جاری رہے گی انہوں نے کہا پاکستان پڑوسی ممالک کی طرف سے دہشت گردی کا خاتمہ کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کے علاوہ ہر ممکن تعاون بھی فراہم کریگا۔ مالدیپ کی وزیر خارجہ نے صدر مالدیپ کی طرف سے ایک خط وزیر اعظم کو دیا اور انہیں مالدیپ کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ مزید براں وزیراعظم محمد نواز شریف سابق وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب علی خان مرحوم کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے اہل خاندان سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے سفارت کاری کے میدان میں یعقوب علی خان مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نواز شریف

ای پیپر-دی نیشن