سرحد پر غیر قانونی داخلہ روکنے کیلئے سخت اقدامات کرینگے: پاکستان، ایران
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں پاک ایران مشترکہ سرحدی کمشن کا اجلاس ہوا جس میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے پر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالات پر نظر رکھنے کیلئے مشترکہ کمیٹی بھی بنائی جائے گی ایرانی وفد نے تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن اور مہاجرین پر کڑی نظر رکھی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان اور ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی اصغر میرشکاری کے وفود کی سطح پر ملاقات میں دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کے لئے دونوں صوبوں کی سیکورٹی فورسز کے درمیان معلومات کے تبادلے اور مشترکہ گشت سے اتفاق کیا گیا ہے جبکہ اس بات پر بھی مکمل اتفاق رائے پایا گیا ہے کہ دونوں اطراف کے دہشت گرد عناصرکا کوئی مذہب، قوم اورقبیلہ نہیں وہ صرف دہشتگرد ہیں جو اپنی کارروائیوں کے ذریعہ برادر اسلامی ممالک کے مفادات کے خلاف کاروائیاںکرتے ہیں ۔ ملاقات میںاس عزم کا اظہارکیا گیا کہ ددنوں ممالک دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے اوران کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔