قائم علی شاہ کا تھر میں بچوں کی اموات پر بیان، شیخوپورہ کی عدالت نے وزیراعلیٰ کے پرسنل سیکرٹری کے سمن جاری کر دیئے
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) سول جج شیخوپورہ عائشہ عالمگیر نے ویر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف سکول ٹیچر شفیق الرحمن شاہ کے ہرجانہ کے دعوے کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے پرسنل سیکرٹری کے سمن جاری کر دیئے کہ وہ 18فروری کو خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہو کر جواب دعویٰ جمع کرائیں، شفیق الرحمن شاہ کی طرف سے فاضل عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ تھر کے علاقہ میں لوگ غذائی قلت اور ادویات کی عدم فراہمی کی بناء پر ہلاک ہورہے ہیں مگر وزیر اعلیٰ سندھ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں غیر شائستہ زبان استعمال کی اور کہا کہ تھرپارکر میں بچے غذائی قلت کی وجہ سے نہیں بلکہ دائیوں کی وجہ سے مررہے ہیں، وزیر اعلیٰ جیسے منصب پر فائز شخص سے ایسی غیر ذمہ دار بیان پر درخواست گزار کو ذہنی کوفت ہوئی جس کا وہ 24ہزار روپے ہرجانہ ادا کریں۔