سابق صدر آزاد کشمیر کے بیٹے کے گھر افسروں پر تشدد، ملزموں پر مقدمہ درج
اسلام آباد+ کراچی (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) نیب حکام نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر راجہ ذوالقرنین کے بیٹے راجہ بابر علی ذوالقرنین کے اہل خانہ کی جانب سے گھر کی تلاشی کے لیے جانے والی نیب افسروں پر حملے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ تلاشی کی کارروائی ملزم راجہ بابر علی ذوالقرنین کے جسمانی ریمانڈ کے دوران نشاندہی پر کی گئی تاکہ کارکے رینٹل پاور کیس کی تحقیقات سے متعلقہ اہم ریکارڈ حاصل کیا جا سکے۔ نیب حکام نے واقعہ میں ملوث ملزموں کے خلاف انتظامی اور قانونی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ احتساب عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے گھر گئے تو اس کے بھائیوں ساتھیوں نے نیب ٹیم پر تشدد کیا۔ تشدد سے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اصغر خان زخمی ہوئے۔ نیب حکام سے کیس کی دستاویزات اور کارڈ چھین لیا گیا۔ تشدد کا نشانہ بننے والے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کی میڈیکل رپورٹ، تصویر بھی عدالت میں پیش کی۔