• news

امین بیت المال نے لاکھوں روپے کی بددیانتی کی: آڈٹ رپورٹ

لاہور ( سید عدنان فاروق )بیت المال پنجاب کے امین ملک سلیمان منگلہ کی لاکھوں روپے کی بددیانتی کا انکشاف ہوا ہے، محکمہ سوشل ویلفیئر کی حالیہ آڈٹ رپورٹ میں پٹرول کی مد میںــ’’ امین‘‘ کے زیر استعمال گاڑی میں پٹرول میں لاکھوں روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ پنجاب بیت المال کے امین ملک سلیمان منگلہ سعودی عرب میں عمرے کے لیے اپنے 20 دنوں کے قیام کے دوران بھی سرکاری گاڑی میں سینکڑوں لیٹر پٹرول کا استعمال ظاہر کیا ہے اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کے جعلی دورے ظاہر کیے ہیں۔ جس پر متعلقہ محکمہ کو بددیانتی کی بنیاد پر پٹرول کی مد میں لیے گئے لاکھوں روپے کی ریکوری کی ہدایت کی جاچکی ہے جس کی مالیت11 لاکھ روپے بنتی ہے۔ قاعدے کے مطابق انہیں سرکاری گاڑی میں ماہانہ400 لیٹر پٹرول استعمال کرنے کی اجازت ہے جبکہ وہ اس حد کو کئی عبور کرتے ہوئے 800 لیٹر تک استعمال کرتے رہے۔ امین بیت المال 22مارچ 2013میں ڈیرہ غازی خان سے رکن قومی اسمبلی حافظ عبدالکریم کی سفارش پر اس عہدہ پر تعینات ہوئے، وہ اس عرصہ میں اپنے منصب اور ذمہ داریوں سے لاتعلق رہے گزشتہ تقریبا تین سالوں میں صرف20 بار دفتر حاضر ہوئے۔ جبکہ گزشتہ 6 ماہ میں 6 دفعہ دفتر آئے، امین بیت المال نے اپنا صوابدی فنڈ کا 70فیصد اپنے آبائی ضلع میں تقسیم کیا۔ امین بیت المال کی عدم دلچپسی کے باعث گزشتہ ایک سال سے ضلعی بیت المال کمیٹیاں تشکیل ہی نہ پا سکیں جس کے باعث پنجاب کے ہزاروں مستحقین 10 کروڑ روپے فنڈز استعمال ہی نہ ہو سکے ۔امین بیت المال پنجاب نوائے وقت کو رابطہ کرنے پر بتایا کہ سماجی بہبود کے صوبائی وزیر اور بیوروکریسی ان کی ایمانداری سے خائف ہے ان کے ہاتھ صاف ہیں، کرپٹ عناصر میرے شخصیت کو متازعہ بنانا چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن