انٹرا پارٹی انتخابات، عمران کسی امیدوار کی حمایت نہیں کرسکیں گے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کی پارٹی کے بعض رہنماﺅں بشمول جہانگیر ترین، چودھری محمد سرور سے دوستی اور ہمدردی کے جذبات کودیکھتے ہوئے پارٹی کے بعض لوگوں نے پارٹی الیکشن کمشن سے درخواست کی کہ چیئرمین ہم سب کے قائد ہیں تاہم انٹرا پارٹی الیکشن میں انکی کسی امیدوار کیلئے حمایت کا ہمیں نقصان پہنچے گا۔ درخواست میں چیئرمین پارٹی کو انٹرا پارٹی الیکشن میں غیر جانبدار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے الیکشن کمشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے تحریری ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے جس کے مطابق عمران خان پر انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار کی حمایت پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن کرنل (ر) خالد ظہور کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم کے دوران جلسہ، جلوس ممنوع ہونگے۔ وال چاکنگ، بل بورڈز، آتش بازی، ضیافتوں اور ووٹوں کی خرید وفروخت پر پابندی ہوگی۔ امیدوار محض سوشل میڈیا، انفرادی ملاقاتوں اور عمومی سائز کے پمفلٹس کے ذریعے ہی انتخابی مہم چلا سکیں گے۔ کسی بھی سطح پر گروہ بندی اور پینلز کی تشکیل پر پابندی ہوگی۔ گروہ بندی، بدعنوانی، دھاندلی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزائیں دی جائیں گی جن میں الیکشن لڑنے سے نااہلیت، پارٹی ٹکٹ سے محرومی اور بنیادی رکنیت کا اخراج شامل ہوں گی۔
عمران پابندی