• news

لاہور میں سرچ آپریشن، 10مشتبہ افراد گرفتار: کرم ایجنسی، 10 بارودی سرنگیں برآمد

لاہور+ کرم ایجنسی+ ہنگو (نامہ نگار+ وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) کرم ایجنسی کی اپر کرم میر باخیل میں پولیٹیکل انتظامیہ نے مکان پر چھاپہ مار کر 10 بارودی سرنگیں برآمد کر لیں۔ مکان مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ لاہور میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن دہشت گردوں کے شہر میں اطلاع کے بعد کیا گیا ہے۔ ادھر ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ گگو منڈی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی پولیس وہاڑی نے بورے والہ کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب مبینہ دہشت گردوں حکیم شکیل اور رفیق معاویہ کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ادھر کوہاٹ یونیورسٹی کے اطراف میں فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 3 غیرملکیوں سمیت 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ادھر قلعہ سیف اللہ میں لیویز نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
بارودی سرنگیں برآمد

ای پیپر-دی نیشن