مستعفی ہونے کا ارادہ نہیں، تیسرا ون ڈے جیتنے کی کوشش کریں گےؔ :وقار یونس
لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے ایسی کوئی بات کی اور نہ ہی ان کا ایسا کوئی ارادہ ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث ذرائع ابلاغ میں وقار یونس کے مستعفی ہونے کی خبروں کے سامنے آنے کے بعد قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ جب بھی ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھاتی تو اس قسم کی باتیں سامنے آتی ہیں۔ میں نے نہ ایسی کوئی بات کی ہے اور نہ میرا ایسا کوئی ارداہ ہے۔اس وقت ہم جدید کرکٹ کی طرف جا رہے ہیں، ورلڈ ٹی20 اور ایشیا کپ آنے کو ہے، ایسے میں ریٹائرمنٹ کی باتیں کرنا ٹھیک نہیں۔کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے درمیان اختلافات کے حوالے سے خبروں سے متعلق وقار یونس نے کہا کہ جس طرح میڈیا نے ان خبروں کو اچھالا اور اس کا اتنا بڑا سکینڈل بنایا، اس سے مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ وقار یونس کا کوچ کی حیثیت سے دو سالہ معاہدہ انگلینڈ کے دورے سے پہلے رواں برس مئی میں ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا ون ڈے جیتنے کی کوشش کریں گے۔