• news

بلاول براستہ دبئی امریکہ روانہ، اوباما کی دعوت پر روائتی دعائیہ ناشتے میں شریک ہونگے

کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکی صدر باراک اوباما کی دعوت پر دبئی کے راستے امریکہ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ فروری کی پہلی جمعرات کو وائٹ ہاﺅس میں روایتی دعائیہ ناشتے میں شرکت کریں گے جس میں دنیا بھر کے رہنما شریک ہوتے ہیں۔ باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری امریکی صدر کی دعوت پر پہلے ہی امریکہ میں موجود ہیں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو فوری طور پر امریکہ طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو اہم امور پر مشاورت کیلئے امریکہ بلایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بلاول دبئی پہنچ گئے۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کیلئے وقت کا تقاضا ہے کہ پولیس ایمرجنسی ایس ایس سسٹم 911 کے قیام کو جنگی بنیادوں پر فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کے ہمراہ اسپیشل سکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے سپیشل سکیورٹی یونٹ میں بینظیر بھٹو کانفرنس اور انٹیلی جینس سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔
بلاول / امریکہ

ای پیپر-دی نیشن