پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال جاری‘ فیصل آباد میں سروں پر خون آلود کفن باندھ کر احتجاج
لاہور + فیصل آباد (خبرنگار+ نمائندہ خصوصی)پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا۔ فیصل آباد میں ملازمین نے خون آلود کفن باندھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا جب تک نجکاری کا فیصلہ مستقل طور پر وا پس نہیں لیا جاتا احتجاج جاری رہیگا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت قومی ایئرلائن کی ممکنہ نجکاری کا فیصلہ 6 ماہ کے لیے موخر کرنے کی بجائے فیصلہ مستقل طور پر واپس لے ورنہ ملازمین احتجاج کرتے رہیں گے اور پھر خودکشیاں کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ چھٹی کے باوجود پی آئی اے ملازمین کی بڑی تعداد دفاتر پہنچی اور احتجاج میں شرکت کی۔ حکومت نے پہلے بھی نجکاری نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر پارلیمنٹ سے بل منظور کروا لئے۔ حکومت کی نیت پر شک ہے اس لئے جب تک وزیراعظم تحریری طور پر یقین دہانی نہیں کرواتے کہ نجکاری نہیں ہوگی احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2 فروری کو فلائٹ آپریشن بند کرنے کے اپنے اعلان پر بھی قائم ہیں۔ملازمین نے لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت تمام ائرپورٹس پر اپنے مطالبات کے حق میں اور ادارے کی نجکاری کیخلاف نعرے بازی کی۔ لاہور میں پی آئی اے کے دفتر کی تالا بندی کرکے ملازمین نے احتجاج کیا۔ ائرلیگ اور پیپلز یونٹی سمیت تمام یونینز کے عہدیداروں اور ورکرز نے احتجاج میں شرکت کی۔ رانا کاشف، محمود عباس بخاری اور زبیر ہاشمی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کسی قیمت پر نہیں ہونے دی جائیگی۔
پی آئی اے/ احتجاج