• news

چارسدہ : افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کا ملازم ”را“ ایجنٹ تین بیٹوں سمیت گرفتار

چارسدہ/ پشاور (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) چارسدہ میں پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کرتے ہوئے افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کے ملازم ”را“ کے ایجنٹ کو اس کے تین بیٹوں سمیت 25 مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والے” را “کے مبینہ ایجنٹ پاکستان میں مہاجرین کے روپ میں مقیم تھے جن کے قبضہ سے جہادی لٹریچر، افغان سمز اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جنہیں مزید تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس اور حساس اداروں نے چارسدہ کے علاقوں عمر زئی میں خفیہ اطلاعات پر چھاپے مار کر افغانی باشندے خان آغا اور اس کے تین بیٹوں کو گرفتار کیا۔ حساس اداروں کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص خان آغا افغانستان میں بھارتی سفارتخانے میں ملازمت کرتا ہے۔ ملزم جعلی پاکستانی شناختی بنوا کر افغان مہاجرین کے روپ میں رہائش پذیر تھا۔ حساس اداروں نے مزید بتایا ملزم کے تین بیٹے نور آغا، رحیم آغا اور خائم اللہ بھی افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی” را“ کے لئے کام کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم خان آغا نے نوید خان کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنا رکھا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے چارسدہ کے مختلف علاقوںڈھکی اور خانمائی میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط ہیں جبکہ گرفتار ملزم گل آغا نامی افغان باشندے نے انکشاف کیا وہ اور اس کے دو بیٹے افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کے ملازم ہیں اور یہاں بطور مہاجرین مقیم ہیں تاہم شبہ ظاہرکیا جارہا ہے کہ گرفتار ایجنٹس یہاں کسی خاص مشن پر تھے اور باچا خان یونیورسٹی پر حملہ میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ڈی پی او چارسدہ نے بتایا بعض باچا خان یونیورسٹی پر حملہ کرنے والوں کے سہولت کار بھی ہیں اور بعض کے روابط بیرونی ایجنسیوں سے بھی بتائے جاتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق آغا خان نامی بھارتی جاسوس کافی عرصے سے افغان مہاجرین کے روپ میں بچوں سمیت چارسدہ میں مقیم تھا اور جاسوسی کر کے خفیہ معلومات بھارت کو بھیجتا تھا‘ تینوں بیٹے افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے پے رول پر تھے۔ واجد آفریدی/ دی نیشن کے مطابق چارسدہ میں صبح 4 بجے شروع ہونے والی کارروائی 5 گھنٹے جاری رہی اور افغانستان میں بھارتی ایمبیسی کے سابق ملازم خان آغا، اسکے 3 بیٹوں سمیت 25 افراد پکڑے گئے۔
چارسدہ/ گرفتاریاں

ای پیپر-دی نیشن