• news

اورنج ٹرین کیخلاف نہیں، اس پر نظرثانی، روٹ کی تبدیلی چاہتے ہیں: محمود الرشید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اورنج ٹرین جیسے منصوبوں سے قوم نہیں بنتی، وسائل اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود پر لگانے سے ناصرف قوم بنتی ہے بلکہ معیشت بھی فروغ پاتی ہے، کسی صورت متاثرین اورنج ٹرین کی حق تلفی نہیں ہونے دینگے، 2فروری کو تحریک ختم نہیں شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے متحدہ اپوزیشن کے ہمراہ متاثرین سے ملاقات اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ روز محمودالرشید، جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکراللہ مجاہد، ق لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی وقاص حسن موکل، تحریک انصاف کے ایم پی اے شعیب صدیقی، زبیر خان نیازی ودیگر نے پیراشوٹ کالونی، شالیمار باغ، جین مندر، کپور تھلہ، چوبرجی، ملتان چونگی اور ٹھوکر نیاز بیگ میں متاثرین اورنج ٹرین سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی متحدہ اپوزیشن کسی صورت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اس موقع پر متاثرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ بعدازاں چوبرجی میں تحریک انصاف کی جانب سے لگائے جانیوالے ریلیف کیمپ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمودالرشید نے کہا ہم تعمیراتی منصوبے کیخلاف نہیں صرف یہ چا ہتے ہیں اس پر نظر ثانی کی جائے ، ٹرین کو زیر زمین چلانے کیلئے ٹنل بورنگ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے، اسکا روٹ تبدیل کیا جائے اور متاثرین کو قبضے سے قبل25فیصد زائد ادائیگی کی جائے۔ پنجاب خادم اعلیٰ کی جاگیر نہیں انہیں اورنج ٹرین کا منصوبہ ایوان میں لانا ہوگا، شہنشاہ پنجاب کو اپنی انا اور ضد چھوڑ کر عوام کیلئے سوچنا ہوگا۔
محمود الرشید

ای پیپر-دی نیشن