• news

پاکستان کو مشرق وسطیٰ نہیں بننے دیں گے، مذہبی و سیاسی رہنما

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ملک کی مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہاہے کہ سعودی عرب اورمکہ ومدینہ کے امن سے پوری دنیاکاامن وابستہ ہے بعض قوتوں نے سعودی عرب کے اندرونی معاملے کو فرقہ وارانہ بنانے کی سازش کی ہم ایسی کسی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے پاکستان کومشرق وسطی نہیں بننے دیں گے اگر سعودی عرب میں امن نہ ہوا تو پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنا ممکن نہیں رہے گا،سعودی عرب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی گئی تو دنیا کے باڈر ختم ہو جائیں گے اور مسلمان سرحدیں کھلنے کا انتظار نہیں کریں گے ،حرمین کے تحفظ کا لازمی تقاضا ہے کہ سعودی عرب کا بھی دفاع کیا جائے ان خیالات کااظہاررہنمائوں نے جمعیت اہلسنت پاکستان کے زیر اہتمام "عزم تحفظ حرمین " سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا سیمینارسے مولانافضل الرحمن ،مولانافضل الرحمن خلیل،قاری محمدحنیف جالندھری ،مولاناقاضی عبدالرشید،مولانا ظہور احمد علوی، مفتی عبدالسلام ہزاروی،مولانا سیف اللہ سیفی،مولانا عبدالرزاق حیدری ،صاحبزادہ عتیق الرحمن، مولاناعبدالمجیدہزاروی اور دیگرنے خطاب کیا ،مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا ہم فرقہ واریت پر بالکل یقین نہیں رکھتے ،ہم نے ہمیشہ ملکی مفاد میں بات کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ،مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ سعودی عرب اور مکہ و مدینہ کے امن سے پوری دنیا کا امن وابستہ ہے ،دشمن کے کسی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی کوششیں کرنے والو ں کو ناکامی ہو گی، مولانا قاضی عبدالرشید نے کہا کہ حرمین کے تحفظ لئے ہم اپنا سب کچھ قربان کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن