کراچی: 4 مغوی بازیاب، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) سہراب گوٹھ علاقے حسن کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق 2ڈاکو راہگیروں کو لوٹ رہے تھے۔ پولیس کے پہنچنے پر انہوں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک مارا گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے جنجال گوٹھ سے اغوا کئے گئے 4 افراد کو پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے 2 خواتین سمیت 4 افراد گلشن معمار میں واقع ایک فارم ہائوس میں تقریب میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان کار سمیت چاروں افراد کو اغوا کرکے جنگل کی طرف لے گئے۔ پولیس اور رینجرز نے بروقت سرچ آپریشن کرتے ہوئے اغوا شدہ چاروں افراد کو بازیاب کرالیا۔ علاوہ ازیں کورنگی نمبر 2میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مارکر چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد چاروں سیاسی کارکنوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔