سعودی عرب: مسجد حملے میں خودکش حملہ آور کی شناخت
الریاض(این این آئی)سعودی وزارت داخلہ نے جمعہ کے روز الاحساء کی مسجد امام رضا میں دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور کی شناخت کا اعلان کر دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کے سیکورٹی ترجمان نے بتایاکہ حملہ آور کا نام عبدالرحمن عبداللہ سلیمان التویجری ہے اور اس کی عمر 22 سال تھی۔وزارت داخلہ نے دوسرے خودکش حملہ آور کی گرفتاری کا بھی اعلان کیا جو زخمی ہو جانے کی وجہ سے اس وقت زیرعلاج ہے۔ اس کے بارے میں مکمل معلومات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔الاحساء کارروائی کے خودکش حملہ آور عبدالرحمٰن کے والد عبداللہ التویجری نے اس کارروائی میں اپنے بیٹے کے ملوث ہونے پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔ غم اور ندامت میں ڈوبی آواز میں انہوں نے بتایا کہ عبداللہ نہایت فرماں بردار، نمازی اور گھر والوں سے محبت کرنے والا تھا۔