عزیر بلوچ کے انکشافات پر پیپلز پارٹی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے: میاں مقصود
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے وزیر اعظم نوازشریف کے اس بیان کہ ’’کراچی میں امن کی مکمل بحالی تک رینجرزرہے گی‘‘ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی منی پاکستان ہے اور ہر پاکستانی کراچی میں امن وامان کاقیام چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن سے ایک طویل عرصے کے بعد امن قائم ہو اہے اور کراچی سمیت پورے ملک کے عوام نے سکھ کاسانس لیا ہے۔ اب اس آپریشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ڈاکٹر عاصم حسین کے بعد لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ کی گرفتاری یقینا رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔ ملکی خزانہ لوٹنے والے جرائم پیشہ افراد کاتعلق کسی بھی جماعت یاگروہ سے ہوانہیں فی الفور گرفتار کرکے نشانہ عبرت بنایا جانا چاہیے۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کوبھی کراچی آپریشن کے راستے میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن ملکی وقومی مفاد میں ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری،گوادرپورٹ اور دیگر منصوبوں کوکامیاب بنانے کے لئے کراچی میں مکمل امن کاقیام بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم دونوں کواپنی پارٹیوں سے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کاصفایا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا عزیربلوچ کی جانب سے اعلیٰ شخصیات کے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے انکشافات پرپیپلزپارٹی کواپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کوکرپشن اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔