خیبر پی کے حکومت کا باچا خان یونیورسٹی حملے کے ملزموں کا مقدمہ فوجی عدالت بھجوانے کا فیصلہ
پشاور/ اسلام آباد (صباح نیوز) خیبر پی کے کی صوبائی حکومت نے باچا خان یونیورسٹی کے حملے کے ملزموں کے مقدمات ملٹری کورٹس میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقدمات ملٹری کورٹس میں بھجوانے کے لیے قانونی مشاورت مکمل کر لی گئی۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ملٹری کورٹس میں بھجوانے کے لیے وفاق سے قانونی رائے بھی حاصل کر لی ہے اور وزارت قانون و انصاف نے طویل مشاورت کے بعد رائے دی ہے ان مقدمات کو ملٹری کورٹس میں بھجوایا جا سکتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ محکمہ داخلہ اگلے ایک دو روز میں مقدمات فوجی عدالتوں میں منتقل کر دے گی۔