جنرل راحیل بہترین رول ماڈل مدت ملازمین میں توسیع نہ لینے کا اعلان کر کے مثال قائم کردی: خواجہ آصف
اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا اعلان کرکے مثال قائم کر دی ، آرمی چیف بہترین رول ماڈل ہیں۔ اگر ہم جنرل ایوب خان ، ضیاء الحق اور پرویز مشرف کو رول ماڈل سمجھتے رہے تو منزل نہیں ملے گی ، عمران خان کا دھرنا بھی مک مکا تھا،چاہتا ہوں کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کے معاملات درست سمت میں چلیں ، 2017ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے اور 2018ء میں سرخرو ہو کر عوام کی عدالت میں جائیں گے ، کبھی بھی عوام کی عدالت میں جانے سے نہیں گھبرائے،2013ء کے عام انتخابات میں سیالکوٹ کے لوگوں نے مجھے جھولیاں بھر کر ووٹ دیئے ، شخصیت کیلئے قانون سازی نہیں ہونی چاہیے ، پاکستان ،بھارت اور افغانستان کو محتاط رویہ اپنانا چاہئے۔وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا گزشتہ 35برس میں ریاست کمزور ہوئی ہے اور غیر ریاستی عناصر مضبوط ہوئے ہیں ۔ پاکستان، افغانستان اور بھارت کو محتاط رویہ اپنا نا ہوگا اگر ہم لوگ دہشت گردی کی پشت پناہی میں لگ گئے تو پھر خطے کا خدا ہی وارث ہے ،پھر کبھی ہم لوگ دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکے ۔خواجہ آصف نے کہامیں چاہتاہوں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات ختم ہونے چاہیے اور معاملات درست سمت میں چلیں ۔ 2017ء میں بیشتر بجلی کے پراجیکٹ مکمل ہو جائیں گے۔