• news

ناکامی کے بعد عمران کنٹینر ٹو کی سیاست کرنا چاہتے ہیں: پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران کی زندگی میں سچ کم ہوتا جا رہا ہے۔ اللہ خان صاحب کو سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے۔ بھارت میں فی لٹر پٹرول پاکستانی 97 روپے میں مل رہا ہے۔ جنوبی ایشیا میں سب سے کم قیمت پر پٹرول پاکستان میں ملتا ہے۔ سب سے زیادہ پاکستان میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں فائدہ دیا گیا۔ بنگلہ دیش میں پٹرول 125 روپے لٹر ہے۔ دنیا میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کی تعریف کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 6 فروری سے کنٹینر ٹو کا اعلان کریں گے۔ وہ کنٹینر کی سیاست ناکام ہونے پر کنٹینر ٹو کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ عمران ترقی کے سفر کو منجمد کرنا چاہتے ہیں اس لئے احتجاجی تحریک کی بات کی۔ گذشتہ کنٹینر نے جو تحفہ پاکستان کو دیا وہ سب کے سامنے ہے، پاکستان کی خوشحالی عمران کو منظور نہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو، زرداری کے دور میں پی آئی اے لازمی سروسز ایکٹ کا استعمال کیا گیا۔ عمران خان کو اپنی جماعت کا 2013ء کا منشور یاد نہیں رہا۔ پی آئی اے کو نجی شعبے میں منتقل کرنا پی ٹی آئی کے منشور میں شامل ہے۔ عمران خان کو اپنا منشور تک یاد نہیں، اگر وہ پڑھ لیتے تو ایسی باتیں نہ کرتے۔ عمران خان بتائیں خیبر پی کے میں کرایوں میں کمی کیوں نہیں کرتے؟ میٹرو کے بعد اورنج لائن منصوبے پر بھی تنقید کرنے لگے۔ ٹیکسوں کا 62 فیصد صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ شہباز شریف جب پل بنواتے ہیں تو عمران خان تنقید کرتے ہیں۔ دھرنا کی طرح پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ہو گی۔ عمران خان نے الیکشن کمشن میں جعل سازی پر مبنی حلف نامے جمع کرائے۔ عمران خان بتائیں کہ باب خیبر پر چلنے والوں کو آکسفورڈ کی ڈگری مل جاتی ہے۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کو باقی صوبوں کی نسبت زیادہ دوائیاں ملتی ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ خسارے والے اداروں کی نجکاری کریں۔ عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر عمران خان برہم ہو جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن