مضر صحت انجیکشن کی تیاری کیس، سپریم کورٹ نے حکومت سے جواب مانگ لیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں کینسر کا باعث بننے والے مضر صحت انجیکشن کی تیاری سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں عدالت نے حکومت اور پی ای اے سی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جبکہ درخواست گزار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درخواست کی کاپیاں متعلقہ فریقین کو فراہم کریں۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اقبال حمید الرحمن اور جسٹس طارق پرویز پرمشتمل تین رکنی بنچ نے محمد ریاض پاشا بنام فیڈریشن سیکرٹری وزارت صحت اسلام آباد 184/3سوموٹو کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار محمد ریاض پاشا نے کہا کہ ان غیر معیاری کینسر انجیکشن کے باعث 70 ہزار سے زائد لوگ موت کا شکار ہوچکے۔ تیاری کا سٹینڈرڈ ناقص ہونے کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس پر پابندی عائد کرے، اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث کیس نہیں سنا جا سکتا آپ کا تحریری موقف آگیا فریق فریقین کو جواب آنے دیں پھر عدالت مزید کارروائی آگے بڑھائے۔ کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔