• news

انٹی ٹیکس موومنٹ نے گلگت بلتستان کو ٹیکس فری قرار دینے کیلئے 18 دن کا الٹی میٹم دیدیا

گلگت (نامہ نگار) انٹی ٹیکس موومنٹ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو مکمل آئینی حقوق دیئے جانے تک ٹیکس فری زون قرار دینے کیلئے وفاقی حکومت کو 18 دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں 20 فروری کے بعد گلگت بلتستان بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال شروع کیا جائے گا۔ حالات پرتشدد رخ پر بھی جا سکتے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار پریس کلب گلگت میں 14 ایسوسی ایشنوں پر مشتمل انٹی ٹیکس موومنٹ کے رہنمائوں قدوس احمد، ڈاکٹراسماعیل، مرتضیٰ علی، مسعود الرحمن اوردیگر نے کیا انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں 14 جنوری اور 28 جنوری کے پہیہ جام، شٹر ڈائون اور جلسوں کا حکمرانوں پر کوئی اثر نہیں ہوا ناانصافیوں، ظلم، زیادتیوں اور نظرانداز کرنے کی پالیسیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ عوام اب باشعور ہوچکے ہیں حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے صبر کو مزید نہ آزمائیں فوری ان کو قومی دھارے میں شامل کرکے پھر پاکستان کے قوانین یہاں نافذکریں۔ اب ہم اس تحریک کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ احتجاج کے تیسرے مرحلے کا آغازغذر، دیامر، ہنزہ نگر، سکردو میں جلسوں سے ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن