• news

خیبر پی کے: بدعنوانی پر ایم پی اے کی گرفتاری کیلئے سپیکر سے اجازت لینا ہو گی

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلی خیبر پی کے کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وہائیر سیکنڈری ایجوکیشن مشتاق احمد غنی نے کہا ہے صوبائی کابینہ نے صوبائی احتساب کمیشن، ہائیڈرو پاور پالیسی سمیت6محکموںکیلئے بنائے گئے قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے بہت جلد اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ کابینہ نے صوبائی احتساب کمشن ایکٹ میں ترامیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے آئندہ احتساب کمیشن کسی بھی شخص کے خلاف دائر ریفرنس کی آڑمیں اس کی گرفتاری سے پہلے90دن میں انکوائری مکمل کرے گا اور 30دنوں میں تحقیقات مکمل کرکے نامزد شخص کو گرفتار کرنے کا مجاز ہوگا جبکہ نامزد ملزم کا سرکاری افسر ہونے کی صورت میں اسے گرفتارکرنے سے پہلے چیف سیکرٹری اور صوبائی اسمبلی کا رکن ہونے کی صورت میں سپیکر اسمبلی سے اجازت لینا ضروری ہوگا۔ وزیراعلی پرویز خٹک کی سربراہی میں منعقدہ کابینہ اجلاس کے حوالہ سے صحافیوں کو پریس بریفنگ دینے کے دوران انہوں نے کہا محکمہ ٹرانسپورٹ نے رکشوں، کاروں، ٹرکوں کے روٹ پرمٹس، پارکنگ کیلئے اراضی کی فراہمی، ورکشاپس کی رجسٹریشن وغیرہ میں3سو فیصد سے ایک ہزار فیصد اضافہ تجویز کیا لیکن کابینہ نے اسے مسترد کرتے ہوئے ہدایت دی صوبہ پنجاب کے ریٹس سے 10فیصد کم کی سطح پر لایا جائے۔ کابینہ نے فیصلہ چالان کی صورت میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے سٹاف کو چالان سے حاصل کی گئی رقم سے 10فیصد بطور انعام دیا جائیگا۔ سول سرونٹس بینفٹس اینڈڈیتھ کمپنسیشن ایکٹ 2014میں ترمیم تجویز کی گئی ہے کہ سول سرونٹ کی ریٹائرٹمنٹ پرمالی فوائدکی ادائیگی ہوگی ریٹائرمنٹ کے پہلے پانچ برسوں میں مالی فوائد کا 25 فیصد حصہ ادا کیا جائے گا،ریٹائرمنٹ کے دوسرے پانچ برسوں میں مالی فوائد کا 50 فیصد ادا کیا جائے گا،ریٹائرمنٹ کے تیسرے پانچ برسوں میں مالی فوائد کا 75فیصد ادا کیا جائے گااورریٹائرمنٹ کے چھوٹے پانچ سالوں میں مالی فوائد کا 100 فیصد ادا کیا جائے گا۔ صوبائی کابینہ نے مجوزہ ترامیم کی منظوری دیدی۔ صوبائی کابینہ نے یوتھ پالیسی کی بھی منظوری دی پالیسی کے تین بنیادی نکات ہیںنوجوانوں کی معاشی،سماجی اور سیاسی آزادی تاکہ نوجوان ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں ووکیشنل ٹریننگ دینے پر خصوصی توجہ دی جائیگی غریب نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائینگے اورانہیں تجارت میں ٹریننگ بھی دی جائیگی ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر جوان مراکز قائم کئے جائینگے نوجوانوں کو انٹرن شپ،کیمپس جاب کے مواقع فراہم کئے جائینگے۔ نوجوانوں کیلئے2فیصد بجٹ مختص کیا جائیگا۔ صوبائی کابینہ نے خیبر پی کے ہائیڈرو پاور پالیسی2016ء کی بھی منظوری دی کم لاگت بجلی پیداوار کے منصوبوں کو فروغ دیا جائیگا اور پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اس بات کو یقینی بنایا جائیگا پاور پراجیکٹ فاسٹ ٹریک، شفاف اور ماحول دوست ہوں۔ تمام سرمایہ کاروں کو منصوبوں کیلئے پیڈوون ونڈو فیسبیلٹی فراہم کرے گی کارپوریٹ بانڈز جاری کرنے کی اجازت ہوگی منصوبوں کے سرمایہ کاروں کو اراضی کے حصول میں مدد دی جائیگی یا پیڈو اراضی حاصل کرنے کے بعد ایک معاہدے کے تحت سرمایہ کاروں کو لیز پردے گی۔ اس کے علاوہ ایکوٹی پر پرکشش واپسی، انکم ٹیکس، ٹرن اوورٹیکس سے مبرا، درآمد پر ود ہولڈنگ ٹیکس معاف، پلانٹ، مشینری اور سازوسامان پرکوئی سیلز ٹیکس نہیں ہوگا۔صوبائی سیلز ٹیکس بھی نہیں ہوگا اور جوپلانٹ اور سامان وغیرہ مقامی طور پر تیار نہیں ان پر صرف5فیصد کسٹم ڈیوٹی عائد ہوگی۔ کابینہ نے اس بات کا نوٹس لیا کہ مختلف تحقیقاتی ادارے، دفاتر کا ریکارڈ حاصل کر لیتے ہیں جو طویل عرصہ تک ان کے پاس پڑا رہتا ہے کابینہ نے فیصلہ کیا احتساب ریکارڈ 15 دن سے زیادہ نہیں رکھ سکے گااور فوٹو سٹیٹ کرکے واپس کر دے گااینٹی کرپشن کے بارے میں کابینہ نے فیصلہ کیاکہ ہ وہ ریکارڈ حاصل کرتے ہی موقع پر فوٹو سٹیٹ کرنے کے بعد واپس کر دے گا تاکہ محکمہ جات کا باقی کام متاثر نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن