• news

پاکستانی تاجر 3 سال کے ملٹی پل ویزے پر 15 بھارتی شہروں کا سفر کر سکیں گے

نئی دہلی(آن لائن)پاکستانی بزنس مین اب تین سال کے ملٹی پل ویزے پر بھارت کے 15 شہروںکا سفر کرسکیں گے۔یہی نہیں بلکہ اب انہیں مقامی پولیس سٹیشن پر رپورٹ کرنے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔جنوبی ایشیائی ممالک کے کاروباری افراد کی بھارت میں آزادانہ نقل وحرکت کے لئے خصوصی ویزے’انڈین بزنس کارڈ‘کا نفاذ یکم اپریل سے کیا جا رہا ہے۔بھارتی جریدے’انڈیا ٹوڈے‘، اور برطانوی اخبار’ڈیلی میل‘ نے وزارت داخلہ کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیائی ممالک کے کاروباری حضرات کو آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت دینے جارہا ہے تاہم سارک ممالک میں صرف پاکستانی کاروباری افراد کیلئے نئے ویزا قوانین میں چندشرائط لگائی گئی ہیں۔ایسے پاکستانی بزنس مین،اب بھارتی بزنس کارڈ حاصل کر سکتے ہیں جن کی کمپنی کی مالیت ایک کروڑ روپے ہو اور ان کا سالانہ منا فع دس لاکھ روپے ہو۔دوسری شرط یہ ہے کہ وہ بزنس مین پاکستان میں کسی بھی چیمبر آف کامرس کا رکن ہوجو بھارت کی طرف سے تسلیم شدہ ہو۔ان شرائط پر پورا اترنے والے پاکستانی تاجر تین سالہ ملٹی پل انٹری کارڈ کے اہل ہوں گے۔وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سارک ممالک کیلئے بزنس کارڈ کا طریقہ کار طے کرنے کے دوران پاکستان پر خصوصی شرائط عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پاکستانی تاجروں پریہ شرائط انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات پر عائد کی گئی ہیں۔ پاکستان کے مقابلے میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور مالدیپ جیسے سارک ممالک کے لئے بزنس ویزا بلامشروط ہے۔

ای پیپر-دی نیشن