پاکستان سپر لیگ : کراچی کنگز نے لاہور قلندرز‘ پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا دیا
دبئی(چودھری اشرف) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیموں نے بھی پاکستان سپر لیگ کا کامیابی سے آغاز کیا ہے۔ گذشتہ روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونایٹیڈ کو شکست دی۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز نے محمد عامر کی ہیٹ ٹرک، لینڈل سائمنز اور شکیب الحسن کی نصف سنچریوں کی بدولت لاہور قلندر کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں کراچی کنگز ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر لاہور قلندر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور کی طرف سے ٹی ٹونٹی کرکٹ کے آئی کون ویسٹ انڈیز کھلاڑی کرس گیل نے کپتان اظہر علی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم کرس گیل ایک چوکا مارنے کے بعد پہلے ہی اوور میں شعیب ملک کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے انہوں نے 6 رنز سکور کیے۔ محمد رضوان نے 37 ٹاپ رنز بنائے۔ لاہور قلندر کا 8 وکٹوں کے نقصان پر سکور 125 رہا۔ محمد عامر نے 27 رنز کے عوض تین جبکہ شعیب ملک، شکیب الحسن، سہیل تنویر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا۔ 4 کے ٹوٹل پر اس کی پہلی دو کٹیں نعمان انور بغیر کسی سکور کے ضیاءالحق جبکہ جیمز ونس تین رنز بنا کر ظفر گوہر کا شکار ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز کا اضافہ کیا اس موقع پر لینڈل سائمنز نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جو پاکستان سپر لیگ کی دوسری نصف سنچری تھی۔ انہوں نے پچاس رنز 36 گیندوں پر 6 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے۔ شکیب الحسن نے بھی 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پی ایس ایل کی پہلی سو رنز سے زائد کی پارٹنر شپ بھی قائم ہوئی۔ کراچی کنگز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا کر میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ لینڈ سائمنز 62 جبکہ کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ضیاءالحق اور ظفر گوہر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ بہترین کھلاڑی کا اعزاز شکیب الحسن کو ملا۔ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونایٹیڈ کو 24 رنز سے شکست دی ۔ پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی میدان میں آئے تو شائقین کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مقررہ 20 اوورز کے خاتمے پر پشاور کا سکور 145 رنز تھا۔ آندرے رسل نے 31 رنز کے عوض 3 جبکہ شین واٹسن، سعید اجمل اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد یونایٹیڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی۔ پشاور کی جانب سے باولنگ میں محمد اصغر اور وہاب ریاض نے تین تین جبکہ شان ٹیٹ نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔