شفاف مردم شماری کیلئے فوج کا تعاون ضروری ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں نئی مردم شماری کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ مردم شماری میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے افواج کا تعاون اہم ہے۔ چیف شماریات اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔ آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے 3 دن کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ شیڈول کے مطابق مردم شماری کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ دریں اثنا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ہالینڈ کی ملکہ میکسیما اور صدر عالمی بینک کے ممکنہ دورے کے انتظامات، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، غربت خاتمہ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیراعظم یوتھ لون سکیم اور الیکٹرانک بینکنگ سروسز کے متعلق بریفنگ دی گئی اور ان کی توسیع کا بھی جائزہ لیا گیا۔