• news

’’آپ تو خود داعش کے بانی ہیں‘‘ جان کیری سے سوال، پولیس نے اطالوی خاتون صحافی کو باہر نکال دیا

روم(آئی این پی) امریکی وزیرخارجہ جان کیری کو اطالوی خاتون صحافی نے داعش سے متعلق تلخ سوال پوچھ کر شرمسار کردیا، جان کیری نے سوال کا جواب نہ دیا، کانفرنس ہال میں موجود پولیس نے خاتون صحافی کو باہر نکال دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری اپنے اطالوی ہم منصب پاؤلو جنیٹلونی کے ہمراہ روم میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کررہے تھے۔ اس دوران ایک مقامی خاتون صحافی نے جان کیری کو ایک سوال لکھ کر بھیجا جس میں اس نے لکھا ’’آپ تو خود داعش کے بانی ہیں‘‘۔ جان کیری نے صحافیہ کو ایک طائرانہ نگاہ سے دیکھا مگر اس کے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اس واقعے پر وہاں پر موجود سکیورٹی حکام نے خاتون صحافی کو وہاں سے باہر نکال دیا تاکہ وہ اپنے سوال کا اعادہ نہ کر سکے۔ خیال رہے کچھ عرصہ پیشتر سابق امریکی صدر جارج بش کے بھائی جیب بش سے ایک خاتون نے بھرے مجمع میں مخاطب ہو کرکہا تھا ’’جناب، داعش آپ کے بھائی صاحب نے بنائی تھی‘‘۔

ای پیپر-دی نیشن