• news

’’ میٹرو ٹرین منصوبہ‘جائیداد کا بہترین معاوضہ مل رہا ہے، شکریہ شہباز شریف‘‘ متاثرین

لاہور (خصوصی رپورٹر) لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے اراضی مالکان نے اپنی جائیدادوں کیلئے بہترین اور مارکیٹ ریٹ سے زیادہ معاوضہ ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپکی قیادت میں ہمیں اپنی اراضی کے عوض بہت اچھا معاوضہ دیا جا رہا ہے اور ادائیگی مراکز میں آپکی سیاسی و انتظامی ٹیم ہرممکن تعاون کر رہی ہے۔ ہم آپکے دلی شکرگزار ہیں۔ اراضی مالکان نے ان خیالات کا اظہار اسوقت کیا جب وزیراعلیٰ نے انجینئرنگ یونیورسٹی، ٹھوکر نیاز بیگ اور گورنمنٹ کالج گرائونڈ، جین مندر کے ادائیگی مراکز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بیک وقت براہ راست رابطہ کرکے ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا اور اراضی مالکان سے براہ راست گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراضی مالکان کو پائی پائی ادا کرینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نہ صرف خود سرکاری فرائض کی انجام دہی میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں بلکہ پنجاب کے سرکاری محکموں کے حکام بھی عوام کو سہولتوں کی بروقت فراہمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں جس سے نہ صرف قیمتی وقت بلکہ ایندھن کی خاطرخواہ بچت ہونے کے ساتھ سرکاری امور کی موثر مانیٹرنگ میں بھی مدد ملتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے اراضی مالکان کو انکی جائیداد وں کے معاوضے کی ادائیگی کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن