سمن آباد: یوسی چیئرمین کے ڈیرے پر فائرنگ، نویں کا طالب علم جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) سمن آ باد کے علاقہ میں چیئر مین یو سی 89 چوہدری سلیم کے ڈیرے پردو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے16سالہ نویں جماعت کے طالبعلم کوہلاک جبکہ اسکے چھوٹے بھائی سمیت تین افراد کوزخمی کردیا۔ فائرنگ سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے سمن آ باد کے علاقہ گلزیب کالونی اندرون نواں کوٹ کے رہائشی یوسی چیئرمین چوہدری سلیم کے ڈیرے پرگزشتہ روز موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ملحقہ گھر کی بالکونی میں کھڑے دو بھائی 16 سالہ صفدر شرافت اور اسکا چھوٹا بھائی چھٹی کا طالب علم 13 سالہ بہادر شرافت جبکہ ڈیرے میں موجود 25 سالہ مدثر اور 27 سالہ محمد اقبال شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں 16 سالہ صفدر شرافت دم توڑ گیا جبکہ زخمی بہادر شرافت اور مدثر کی حالت بھی ہسپتال میں نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے صفدر کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا کر تفتیش شروع کردی۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق چیئرمین یوسی 89 چوہدری سلیم کے ڈیرے پر ایک ہفتے قبل جیل سے رہا ہو کر آنے والے چھوٹا گجر نامی شخص نے اپنے ساتھیوں سونی وغیرہ سے ملکر فائرنگ کی۔ چوہدری سلیم نے آزاد الیکشن جیتنے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی تھی جس کا مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں چھوٹا گجراور سونی کو رنج تھا۔