• news

ملتان :دھڑ جڑی دونوں بچیاں چلڈرن ہسپتال میں دم توڑ گئیں

ملتان (کرائم رپورٹر) چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج دھڑ جڑی دونوں بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ واضح رہے 13 جنوری کو بوسن روڈ کے رہائشی محنت کش نذر حسین کے ہاں دو بچیاں پیدا ہوئی تھیں جن کے دھڑ جڑے ہوئے تھے۔ جنہیں چلڈرن کمپلیکس ہسپتال علاج کیلئے منتقل کیا گیا تاہم چند روز قبل حالت بہتر ہونے پر ان کے والدین بچیوں کو گھر لے گئے مگر تین روز بعد بچیوں کی حالت دوبارہ خراب ہو گئی اور انہیں 5 روز قبل دوبارہ چلڈرن ہسپتال داخل کرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران انہیں خون کی بوتل بھی لگائی گئی تاہم گزشتہ روز دونوں بچیاں اچانک حالت مزید خراب ہونے کے باعث دم توڑ گئیں‘ ڈاکٹروں کے مطابق بچیوں کی موت سینے میں انفیکشن کے باعث واقع ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے بچیوں کے پیدا ہوتے ہی انکا حکومتی خرچ پر علاج کرنے کا ذمہ لیا تھا اور آخری وقت تک ان کا علاج سرکاری سطح پر ہوتا رہا۔ معلوم ہوا ہے کہ بچیوں کے نام علیزہ اور فاطمہ رکھے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن