• news

گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی متاثر، قصور میں لوگ سراپا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) گیس اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کاروبار زندگی شدید متاثر رہا۔ گیس کی بندش کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے اور خواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید دشواری کا سامنا رہا۔ قصور میں گیس کی بندش کیخلاف لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی اور گیس کی بندش گزشتہ روز بھی جاری رہی جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردونواح میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پر گئے، سردی کی شدت کم ہونے کے باوجود بھی گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کا بحران پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے اور حکومت نے الیکشن سے پہلے کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کئے۔ خواتین کو گھروں میں کھانا پکانے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن