خیبر پی کے: چوکیداروں کا سکولوں میں 24 گھنٹے مسلح ڈیوٹی سے انکار، احتجاجی مظاہرہ
پشاور (بی بی سی اردو) خیبر پی کے کے ضلع بونیر کے سکولوں میں تعینات چوکیداروں نے 24 گھنٹے مسلح ڈیوٹی کرنے سے انکار کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈیوٹی سے متعلق نئے احکامات سراسر ناانصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ چوکیداروں کے مطابق اگرچہ انہیں پولیس کی جانب سے اسلحہ چلانے کی تین روزہ تربیت دی گئی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی 24 گھنٹے ڈیوٹی دینے کا حکم نامہ بھی تھما دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سکولوں کے سکیورٹی کے منصوبے میں سب سے زیادہ بوجھ چوکیداروں پر ہی ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکولوں میں مزید چوکیداروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ رات کو ڈیوٹی دینے والے چوکیداروں کے ہمراہ پولیس کی ڈیوٹی بھی لگائی جائے۔