حقوق کے لئے کھڑے ہونے کا وقت آ گیا، آج کراچی میں لائحہ عمل کا اعلان کر وں گا: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کیخلاف آج کراچی احتجاج میں شرکت کروں گا۔ حقوق کیلئے کھڑے ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ وفاق کی ظالمانہ پالیسیوں نے عوام کا جینا اجیرن کردیا۔ عوام غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔ کراچی میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں عمران نے کہا ہے کہ حکومت کی گورننس کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں حکومت نے عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی ہے۔ عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ گذشتہ 9 سال کے مقابلے میں آج سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ ریڈیو پروگرام میں انہوں نے کہا لوگ سمجھتے ہیں میٹرو سے تبدیلی آتی ہے، تبدیلی انسانوں کی ترقی سے آتی ہے۔ شریف برادران نے 15 ارب اپنی شکلیں دکھانے پر خرچ کئے۔ 2018ء تک لوگوں کو مفت بجلی فراہم کرینگے، 200 ارب روپے قرض لیکر اورنج ٹرین بنائی جا رہی ہے۔ متاثرین کے پاس بنیادی سہولتیں نہیں لوگ ٹرین میں بیٹھ کر اپنے مسائل حل نہیں کر سکتے۔