بھارت کا پی آئی اے سٹیشن مینجرز کے وزیروں کی معیاد بڑھانے سے انکار، پاکستان کا احتجاج
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کی جانب سے ویزے کی میعاد نہ بڑھانے پر پی آئی اے کے سٹیشن منیجرز مشکل میں گرفتارہوگئے۔ پاکستان نے احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارت کے اس عمل سے دونوں ملکوں کے عوام کے عوام سے رابطے متاثرہوسکتے ہیں۔ ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق دہلی اورممبئی میں پی آئی اے کے سٹیشن منیجرز سعید احمد خان اور شبیر احمد کے ویزوں کی مدت جنوری کے پہلے ہفتے میں ختم ہوگئی تھی۔ بھارتی متعلقہ حکام کی جانب سے ان کے ویزوں کی میعاد بڑھانے سے انکار کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے پی آئی اے کے پاکستانی آفیسرمشکل صورت حال سے دوچار ہوگئے ہیں۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پی آئی اے کے سینئر افسران کے ویزوں کی میعاد نہ بڑھانے سے دونوں ملکوں کے لوگوں کے آپس کے رابطے متاثرہوسکتے ہیں۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان براہ راست رابطے کا واحد فضائی ذریعہ پی آئی اے ہے۔ پاکستان نے بھارت کی وزارت خارجہ سے شکایت کی ہے کہ پی آئی اے کے دونوں افسران کے فون منقطع ہیں اورجنوری کے پہلے ہفتے سے ان کی فیملیاں گھروں تک محدود ہیں۔ پاکستانی حکام نے بھارتی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ سعید احمدخان کی انسانی بنیادوں پرمدد کریں جو ویزے کی میعاد بڑھائے بغیراپنے بیماربیٹے سے ملنے پاکستان نہیں آسکتے۔