سعودی پیشکش کا خیرمقدم، داعش کے خلاف کارروائیوں میں آسانی ہو گی: امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن (رائٹرز +صباح نیوز+آئی این پی ) امریکہ نے سعودی عرب کی جانب سے امریکہ کی زیرِ قیادت اتحاد کی جانب سے شام میں داعش کے خلاف کسی بھی زمینی فوجی کارروائی میں شامل ہونے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔ امریکی وزیرِ دفاع ایشٹن کارٹر نے کہا کہ اتحادی ممالک کی جانب سے سرگرمیوں میں اضافہ امریکہ کے لیے دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کو آسان بنا دے گا۔ریاست نوادا میں فوجی اڈے کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی خبریں اچھی ہیں اور وہ آئندہ ہفتے برسلز میں اس بارے میں سعودی وزیرِ دفاع سے بات چیت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس پیشکش سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی حکومت داعش کے خلاف جنگ میں کچھ زیادہ کرنے پر تیار ہے۔